اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں تیزی، الیکشن کمیشن نے مطلوبہ ریکارڈ تین روز میں طلب کر لیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے تیاریاں تیز کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) انتظامیہ کو ضروری دستاویزات کی فوری فراہمی کے لیے مراسلہ جاری کر دیا ہے، ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے درکار تمام ریکارڈ اور دستاویزات تین روز کے اندر فراہم کی جائیں تاکہ حلقہ بندیوں کے عمل کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود سے متعلق نوٹیفکیشن تاحال موصول نہیں ہوا، جبکہ یونین کونسلز کی تعداد کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی فراہم نہیں کیا گیا، اس کے علاوہ ٹاؤن کارپوریشنز کے اپ ڈیٹ شدہ نقشے بھی الیکشن کمیشن کو درکار ہیں، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حلقہ بندیوں کے عمل کے لیے ضروری ڈیٹا فوری طور پر فراہم کیا جائے، کیونکہ مطلوبہ دستاویزات میں تاخیر سے انتخابی شیڈول متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں ہونے والی تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور آئی سی ٹی انتظامیہ سے مکمل اور فوری تعاون کا مطالبہ کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی کوششیں تیز کر رہا ہے اور مطلوبہ ریکارڈ کی فراہمی کے بعد حلقہ بندیوں کا عمل جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔