جنیوا (ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات طے شدہ شیڈول کے مطابق نہیں ہوں گے، سوئس وزارت خارجہ نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں،امریکا ایران مذاکرات آج سوئٹزرلینڈ کے برگن اسٹاک ریزورٹ میں طے تھے، اس سے پہلے سوئس وزارت خارجہ نے بتایا تھا کہ اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے بعد امریکہ ایران مذاکرات کا سلسلہ آج سوئٹرز لینڈ کے شہر برجنسٹاک میں شروع ہوگا۔
سوئس وزارت خارجہ کے مطابق معاہدے پر عمل کیلئے امریکہ اور ایران کے مندوبین برجنسٹاک میں ملاقات کریں گے، اس موقع پر ثالث پاکستان اور قطر کے نمائندے بھی موجود ہوں گے، ادھر ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ کے دورے کے متعلق ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، دوسری طرف ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس آج رات ایران کے ساتھ مذاکرات کیلئے سوئٹزرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ آئندہ ہونے والے تکنیکی مذاکرات کے منصوبے ابھی حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے تاہم امریکی وفد دستیاب ہونے والے پہلے موقع پر ہی روانگی کیلئے تیار ہے، وائٹ ہاؤس کے بیان میں مزید کہا گیا مذاکرات کی انتظامی اور عملی پیچیدگیاں کبھی بھی آسان یا قابلِ پیشگوئی نہیں رہی ہیں، موجودہ صورتحال کے مطابق نائب صدر آج رات روانہ نہیں ہو رہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید بتایا کہ جیسے ہی مذاکرات کے اگلے مرحلے یا آئندہ اقدامات کے بارے میں کوئی واضح پیشرفت ہوگی، اس سے آگاہ کر دیا جائے گا۔

