پاکستان پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع. استنبول میں روڈ شو کا انعقاد

استنبول (ویب ڈیسک) وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) نے ترکیہ کے شہر استنبول میں ایک اعلیٰ سطحی روڈ شو کا کامیابی سے انعقاد کیا، جس میں ترکیہ کے معروف نجی سرمایہ کاروں اور توانائی کے شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، یہ ایونٹ عالمی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے طے شدہ بین الاقوامی روڈ شوز کے سلسلے کا پہلا پروگرام تھا، جس کے بعد دیگر عالمی مالیاتی اور توانائی کے مراکز میں بھی ایسے ہی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے۔

استنبول روڈ شو میں پاکستان کے پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کے انقلابی مواقع کا ایک جامع پورٹ فولیو پیش کیا گیا، جسے تین اہم شعبوں یعنی ڈسکوز کی نجکاری، پاور ٹرانسمیشن سسٹم اور اسمارٹ میٹر رول آؤٹ پروگرام کے ذریعے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کی ڈیجیٹلائزیشن کے تحت ترتیب دیا گیا تھا، روڈ شو کے دوران پاکستان کی تین بڑی بجلی تقسیم کار کمپنیوں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو کی نجکاری کے لیے سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے گئے۔

ان اصلاحات کا مقصد نجی شعبے کی شرکت کے ذریعے ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک میں گورننس کو بہتر بنانا، نقصانات کو کم کرنا اور آپریشنل کارکردگی کو بڑھانا ہے، مزید برآں، پاکستان کے قومی گرڈ کی توسیع اور مضبوطی کے لیے ٹرانسمیشن انفراسٹرکچر کے منصوبوں کا پورٹ فولیو بھی پیش کیا گیا، جو کہ ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں بجلی کے بہاؤ کو مستحکم کرنے، کنجیشن کو کم کرنے اور سسٹم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ڈیزائن کیے گئے ہیں۔

ڈیجیٹلائزیشن کے میدان میں، پانچ ڈسکوز میں 16 ملین اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے بڑے پیمانے پر رول آؤٹ پلان کو ایک فلیگ شپ ڈیجیٹلائزیشن اقدام کے طور پر نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ اس پروگرام سے گرڈ کی ویزیبلٹی میں اضافہ، ڈیمانڈ مینجمنٹ میں بہتری، نقصانات میں کمی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی ممکن ہو سکے گی۔

انٹرایکٹو روڈ شو کے دوران ترک سرمایہ کاروں نے پیش کیے گئے مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مختلف تکنیکی، مالیاتی اور ریگولیٹری امور پر سوالات اٹھائے، وفاقی وزیر توانائی نے اپنی سینئر ٹیم کے ہمراہ تمام سوالات کے جامع جوابات دیے اور پالیسی سمت، انویسٹمنٹ فریم ورک اور نفاذ کے طریقوں کے بارے میں مکمل وضاحت فراہم کی۔

وزیرِ توانائی نے اس بات پر زور دیا کہ وزارتِ توانائی کا مقصد بڑے پیمانے پر پاور سیکٹر کے منصوبوں میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو فعال طور پر شامل کرنا ہے تاکہ پی ایس ڈی پی پر انحصار کم اور پائیدار سیکٹرل ترقی کے لیے نجی سرمائے کو متحرک کیا جا سکے۔ ترک سرمایہ کاروں کی فعال شرکت اور دلچسپی پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول اور توانائی کے شعبے کی اصلاحات کے استحکام پر ان کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے۔

اس اہم تقریب میں پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خاں لغاری، وزیرِ مملکت برائے نجکاری محمد علی اور ترکیہ کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بیرکتار سمیت دونوں حکومتوں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔