اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے لیے مزید پانچ امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کر دیئے ہیں، مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان کے مطابق پارٹی صدر محمد نواز شریف کی منظوری سے پانچ مزید امیدواروں کو انتخابی ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 18 جون کو آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے لیے 37 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے جا چکے تھے، اب مزید 5 امیدواروں کو بھی انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایل اے 8 راج محل سے ملک محمد نواز خان پارٹی امیدوار ہوں گے، ایل اے 18 عباس پور سے چوہدری محمد یاسین گلشن مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں اتریں گے۔
اسی طرح ایل اے 22 توڑر سے سردار عبدالخالق واثی کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، ایل اے 36 جموں III سے محمد احسن رضا مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہوں گے، پارٹی قیادت نے ایل اے 41 ویلی II سے محمد عامر شاہ کو بھی انتخابی ٹکٹ جاری کر دیا ہے، جو مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔
مریم اورنگزیب نے اپنی ایکس پوسٹ میں کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہے اور پارٹی قیادت کی منظوری سے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق مزید امیدواروں کو ٹکٹ جاری ہونے کے بعد مسلم لیگ (ن) نے انتخابی تیاریوں میں تیزی لاتے ہوئے مختلف حلقوں میں انتخابی مہم بھی شروع کر دی ہے، مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے امید ظاہر کی ہے کہ پارٹی امیدوار عوامی خدمت کے ایجنڈے اور ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد پر انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔

