پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

استنبول (ویب ڈیسک) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور پاور سیکٹر اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح بین الوزارتی مشاورت کا انعقاد کیا گیا، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری اور مشیر برائے نجکاری محمد علی نے پاکستانی وفد کی قیادت کی اور ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بیرکتار کی دعوت پر اہم اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی اصلاحات، کمرشلائزیشن اور نجکاری کے عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی، ملاقات کا بنیادی مقصد پاکستان کے پاور سیکٹر کی تنظیمِ نو اور عالمی بہترین تجربات سے استفادہ تھا، وفاقی وزیر اویس لغاری نے اس موقع پر شفاف، مؤثر اور سرمایہ کار دوست نجکاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ڈسکوز میں اصلاحات، گورننس کی بہتری اور ریگولیٹری فریم ورک کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

پاکستانی وفد نے ترکیہ کے کامیاب توانائی ماڈل کا جائزہ لیا اور اس سے سیکھنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ترک فریق نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں تکنیکی معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی، ترک وزیر توانائی نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ترک کمپنیوں اور پاکستانی اداروں کے درمیان روابط مزید مضبوط کیے جائیں گے جبکہ ترک نجی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کی ترغیب بھی دی جائے گی۔

دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون، ریگولیٹری مہارت کے تبادلے اور گورننس کے بہترین طریقوں کو اپنانے پر اتفاق کیا، اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پاکستان کے پاور سیکٹر کی مالی پائیداری اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے طویل المدتی شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ ترکیہ کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔