سندھ میں 50 ڈبل ڈیکر اور 500 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ

کراچی (بیورو رپورٹ) سندھ حکومت نے صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے 50 ڈبل ڈیکر اور 500 الیکٹرک بسیں ٹرانسپورٹ نظام میں شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں، بس ڈپوز کے لیے زمین کی فراہمی اور مستقبل کے ٹرانسپورٹ پلان سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈائریکٹر جنرل کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی آصف جان صدیقی، مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں حکام نے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں، بسوں کی پارکنگ اور آپریشن کے لیے درکار اراضی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ مختلف اضلاع میں دستیاب سرکاری اراضی، مجوزہ مقامات اور مستقبل کی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 50 ڈبل ڈیکر اور 500 الیکٹرک بسوں کی شمولیت سے صوبے کے ٹرانسپورٹ نظام میں نمایاں بہتری آئے گی، انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے اضلاع میں دستیاب خالی سرکاری اراضی کی نشاندہی کریں تاکہ ماس ٹرانزٹ منصوبوں کے لیے بس ڈپوز قائم کیے جا سکیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کو جدید، آرام دہ اور ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے، جبکہ حکومت کی کوشش ہے کہ نئی بسوں کو جلد از جلد عوامی خدمت کے لیے سڑکوں پر لایا جائے۔