کراچی (بیورو رپورٹ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں عدالتی ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں عدالتی سہولیات کی بہتری اور جاری منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت، صوبائی وزیر قانون، چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری خزانہ سندھ سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران خواتین کے لیے ویمن سہولت مراکز کی تعمیر سے متعلق منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ صوبائی اور وفاقی عدالتوں کو مناسب اور موزوں عمارتوں میں منتقل کرنے کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ، شرکاء نے ضلع کورنگی میں ڈسٹرکٹ کورٹس کمپلیکس کو درپیش دیرینہ مسائل کا بھی جائزہ لیا اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جاری عدالتی ترقیاتی منصوبوں کے لیے بروقت فنڈز کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی جلد اور مؤثر فراہمی کے لیے عدالتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ناگزیر ہے ، انہوں نے عدلیہ اور صوبائی حکومت کے درمیان مسلسل رابطے اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مسائل کا پائیدار حل تلاش کیا جائے گا۔
سندھ حکومت نے عدالتی شعبے کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جبکہ جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ، چیف جسٹس پاکستان کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد عدالتی نظام کو عوام کے لیے مزید آسان، تیز رفتار اور مؤثر بنانا ہے، تاکہ شہریوں کو بہتر عدالتی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

