اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن میں واقع ایک پارکو پیٹرول پمپ پر مبینہ طور پر صارفین سے زائد ریڈنگ کے ذریعے پیٹرول فروخت کیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے پیٹرول پمپ کو سیل کر دیا، جبکہ پولیس نے دو ملازمین کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایک شہری نے الزام عائد کیا کہ اس کی گاڑی کی 45 لیٹر گنجائش والی ٹینکی میں 61 لیٹر پیٹرول ڈالنے کا بل بنایا گیا۔ شہری نے موقع پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے صارفین کے ساتھ کھلی دھوکہ دہی قرار دیا ، واقعے کے بعد شہری اور پیٹرول پمپ انتظامیہ کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر صارف کو اعتراض ہے تو وہ اضافی رقم ادا نہ کرے، تاہم معاملہ حل نہ ہونے پر آئی نائن پولیس کو اطلاع دی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور ابتدائی کارروائی کے دوران پیٹرول پمپ کے دو ملازمین کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ، دوسری جانب شہری نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کے کنٹرول روم میں بھی شکایت درج کرائی۔ شکایت موصول ہونے کے تقریباً اڑھائی گھنٹے بعد ضلعی انتظامیہ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور ابتدائی تحقیقات کے بعد پارکو پیٹرول پمپ کو سیل کر دیا۔
پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام پیٹرول پمپ کے پیمائشی نظام، مشینوں اور متعلقہ ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

