بھارت میں موسلادھار بارشوں سے تباہی، نئی دہلی سمیت کئی ریاستیں زیرِ آب، 10 افراد ہلاک

نئی دہلی (ویب ڈٰیسک) بھارت میں موسلادھار بارشوں نے تباہی مچا دی جس سے نئی دہلی سمیت کئی ریاستیں زیرِ آب آگئیں اور 10افراد ہلاک ہوگئے ، بھارت میڈیا رپورٹس کے مطابقں مسلسل موسلادھار بارشوں نے مختلف ریاستوں میں معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے ہیں جب کہ دارالحکومت نئی دہلی سمیت کئی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا شدید بارشوں کے باعث نئی دہلی کی متعدد سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ، دوسری جانب ریاست آسام میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے جہاں 600 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں، سیلابی پانی سے گھروں، دکانوں اور زرعی اراضی کو نقصان پہنچا ہے جب کہ حکومت کی جانب سے متاثرین میں امدادی خوراک تقسیم کی جا رہی ہے۔

علاوہ ازیں شملہ میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے متعدد واقعات بھی پیش آئے ہیں، جس سے آمدورفت متاثر ہوئی ہے ، حکام کا کہنا تھا کہ آسام میں گزشتہ ہفتے سیلاب سے 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ ملک بھر میں ایک ہفتے کے دوران بارشوں اور سیلاب سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 36 تک پہنچ گئی ہے ، اُنہوں ںے مزید بتایا کہ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔