راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے ہمراہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں شہر بھر کا دورہ کیا اور سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ایس ایس پی آپریشنز اور چیف ٹریفک آفیسر نے سی پی او کو انتخابی سکیورٹی اور ٹریفک پلان پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر حسن مشتاق سکھیرا نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پولنگ کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
سی پی او نے بتایا کہ انتخابات کے موقع پر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کے لیے 3 ہزار 300 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ سینئر پولیس افسران فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کی مسلسل نگرانی اور اہلکاروں کو بریف کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے، جبکہ تھانوں کی موبائلز، ایلیٹ فورس اور ڈولفن اسکواڈز اپنے اپنے علاقوں میں مسلسل گشت کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے , سی پی او حسن مشتاق سکھیرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انتخابی عمل کے اختتام تک مؤثر سکیورٹی انتظامات برقرار رکھے جائیں گے تاکہ ووٹرز محفوظ ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر سکیں۔

