پشاور (بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کے سیاسی و معاشی بحرانوں کا حل صرف شفاف انتخابات ہیں ، اپنے بیان میں اسد قیصر کا موجودہ حکومت کو ’فارم 47‘ کی پیداوار قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کے اتحادی بھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو ’فارم 47‘ کی حکومت کہہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اور پارلیمنٹ عوامی مینڈیٹ کی نمائندہ نہیں، اس لیے اسے قانون سازی کا اخلاقی جواز حاصل نہیں ، رہنما پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا نے مطالبہ کیا کہ فارم 47 کی بنیاد پر قائم حکومت کو فوری طور پر ختم کیا جائے اور ملک میں آزاد، منصفانہ، شفاف اور غیر متنازع انتخابات کرائے جائیں ، اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کو تحلیل کرکے قانون کے مطابق اس کا احتساب کیا جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے نیا الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کا واحد حل شفاف انتخابات ہیں تاکہ عوام اپنے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کر سکیں ، رہنما پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا کہ آئین، قانون اور ریاستی نظام سے متعلق اہم فیصلے آئندہ انتخابات کے بعد عوام کے منتخب نمائندوں پر مشتمل پارلیمنٹ ہی کرے۔

