پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن و امان سے متعلق ہنگامی اجلاس ہوا ، اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات، معاون خصوصی برائے داخلہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ، اجلاس میں صوبے کی مجموعی صورتحال بالخصوص جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، متعلقہ حکام نے وزیراعلیٰ کو مختلف امور پر بریفنگ دی جبکہ وزیراعلیٰ نے ضروری ہدایات جاری کیں۔
وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے بدامنی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا ، انہوں نے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کے لیے مربوط اور مؤثر حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے، بدامنی کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس فورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ شرپسندوں کی بزدلانہ کارروائیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں، پولیس کی قربانیاں لازوال ہیں ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس فورس کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے، حکومت پولیس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں، دہشت گردی کے خاتمے اور دیرپا امن کے لیے جدوجہد پوری قوت سے جاری رکھیں گے، موجودہ مالی سال خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔

