اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی حکومت کو نئے مالی سال کے آغاز پر برآمدات کے شعبے میں حوصلہ افزا پیش رفت حاصل ہوئی ہے ، پاکستان ادارہ شماریات (PBS) کی جانب سے جاری کردہ جولائی 2026 کے تجارتی اعداد و شمار کے مطابق ملک کی برآمدات میں ماہانہ اور سالانہ دونوں بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق خطے میں جاری غیر یقینی صورتحال کے باوجود جولائی 2026 میں پاکستان کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 31.09 فیصد اضافہ ہوا، جو ملکی برآمدی شعبے کے لیے مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے ، ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر بھی برآمدات میں 9.54 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئے مالی سال کے آغاز پر برآمدی سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2026 کے دوران پاکستان کی برآمدات کا حجم 2 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہا، جبکہ اس سے قبل جون 2026 میں برآمدات 2 ارب 24 کروڑ 20 لاکھ ڈالر تھیں ، ماہرین کے مطابق برآمدات میں یہ اضافہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر، تجارتی سرگرمیوں اور اقتصادی استحکام کے لیے مثبت پیش رفت ثابت ہو سکتا ہے، تاہم آئندہ مہینوں میں اس رجحان کو برقرار رکھنا حکومت اور برآمدی شعبے کے لیے ایک اہم چیلنج ہوگا۔

