لاہور (بیورو رپورٹ) پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبہ بھر میں مون سون بارشوں کے پانچویں سپیل کا الرٹ جاری کردیا، 12 سے 15 اگست تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی ہے ، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک شمال مشرقی پنجاب، مری، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 13 اگست کی شام یا رات سے 15 اگست تک راولپنڈی اور پوٹھوہار ریجن میں بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے ، 12 اگست کی رات سے 15 اگست تک سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، لیہ، بھکر، نورپور تھل، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور اور ڈی جی خان میں بھی بارش، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے جبکہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
سیف انور جپہ نے کہا کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے پیش نظر انتظامیہ پیشگی الرٹ رہے، برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے ، محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے ، ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے التماس کی کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بوسیدہ اور کچے مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں، مون سون سیزن میں کچے اور بوسیدہ مکانات گرنے سے زیادہ اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں، شہری آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں ، سیف انور جپہ نے کہا کہ بچوں کا خاص خیال رکھیں، انہیں نشیبی علاقوں میں پانی اور بجلی کی تاروں و کھمبوں کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں ، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

