لاہور (بیورو رپورٹ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے 23 خالی ججز کی آسامیاں پُر کرنے والی پہلی چیف جسٹس بننے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ، دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں نئے تعینات ہونے والے 10 ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے نئے ججز سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والے ججز میں جسٹس سید فرہاد علی شاہ، جسٹس امجد پرویز، جسٹس اسد علی باجوہ، جسٹس غلام سرور نہنگ، جسٹس شیریں عمران، جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ، جسٹس منور دوگل، جسٹس امیر عجم ملک، جسٹس خالد ابن عزیز اور جسٹس اجمل خان شامل ہیں۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے دور میں لاہور ہائیکورٹ کی 23 خالی ججوں کی آسامیوں میں سے بڑی تعداد پر تقرریاں عمل میں آئی ہیں، اس پیش رفت کے بعد انہیں لاہور ہائیکورٹ میں سب سے زیادہ خالی آسامیوں پر کرنے والی چیف جسٹس قرار دیا جا رہا ہے ، واضح رہے نئے ججز کی تعیناتی کی منظوری 21 جولائی کو چیف جسٹس پاکستان کی زیر صدارت ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں دی گئی تھی۔

