امریکا ایران جنگ بندی میں توسیع ، تہران نے مذاکرات کی تردید کردی

تہران (ویب ڈیسک) ایران نے امریکا کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے لیے مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کی مدت باضابطہ طور پر شروع ہی نہیں ہوئی، اس لیے اس میں توسیع کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق ایک سینئر ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان جنگ بندی میں توسیع پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔ ایرانی مؤقف ہے کہ امریکا نے عبوری معاہدے کے 48 گھنٹے بعد ہی اس کی خلاف ورزی کی اور چند روز بعد معاہدے سے دستبردار ہوگیا۔

ایرانی حکام کے مطابق معاہدے کی بحالی یا اس میں شامل وعدوں کے لیے نئی مدت طے کرنے کے حوالے سے ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ تو جاری ہے، تاہم مذاکرات میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ، اس سے قبل ترک خبر ایجنسی انادولو نے پاکستانی حکومتی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ امریکا اور ایران 60 روزہ جنگ بندی میں توسیع پر متفق ہوگئے ہیں اور دونوں فریقین نے ثالثوں کو اپنی رضامندی سے آگاہ کردیا ہے۔

یوں جنگ بندی میں توسیع سے متعلق دونوں جانب سے متضاد مؤقف سامنے آنے کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم ہونے کے امکانات ایک بار پھر غیر یقینی ہوگئے ہیں۔