maryam nawaz shareef capitalnewspoint.com

مریم نواز نے لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کردیا، امراض قلب کا مفت علاج فراہم کرنے کا اعلان

لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا افتتاح کر دیا ، لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ یہ ہسپتال میرا خواب تھا، دل کا مرض اتنا بڑھ گیا، ہر گھر میں دل کا مریض موجود ہے، پورے پاکستان سے امراض قلب کے مریض علاج کیلئے یہاں آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں صحت سے بڑی کوئی نعمت نہیں، بااختیار لوگوں کو اللہ نے عوام کی خدمت کیلئے چنا ہے، اچھا کام کرنے پر عوام سے پہلے آپ کا دل گواہی دے گا ، ان کا کہنا تھا کہ روزانہ عوامی فلاح کیلئے فیصلے کرنا میری ذمہ داری ہے، وزیر صحت پنجاب سمیت پوری ٹیم نے دن رات کام کیا، پنجاب بھر میں مفت علاج اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، سیاسی جماعتوں کی توجہ صرف عوامی خدمت پر ہونی چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے، جماعتوں کا مزاج کرپشن اور دنگا فساد ہے، مسلم لیگ (ن) کا مزاج صرف خدمت اور ترقی ہے، اگر تمام سیاسی جماعتیں خدمت کی روش اپنائیں تو ملک ترقی کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہارٹ ٹرانسپلانٹ کے کم از کم اخراجات 50 ہزار ڈالر ہیں، ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیلئے فنڈ قائم کیا جائے گا، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں کل سے ہارٹ ٹرانسپلانٹ شروع ہوگا، پنجاب کے عوام کیلئے امراض قلب کا مفت علاج کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید ہائبرڈ کیتھ لیب قائم کی گئی ہے، جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دنیا کے بہترین وارڈز بنائے گئے ہیں، ہسپتال کے تمام وارڈز جراثیم سے پاک ہوں گے، جناح ہسپتال کی کارڈیالوجی میں جدید ترین عالمی معیار کی مشینیں موجود ہیں، ایک سال میں 12 ہزار سے زائد بچوں کے آپریشن کئے گئے، ہسپتال کے عملے کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 16 کیتھ لیبز فعال ہو چکی ہیں، صوبوں نے پنجاب کی تقلید میں ایئر ایمبولینس بنانے کا کہا، لیکن نہ بنا سکے، پنجاب کے عوام کیلئے ہوم ڈائیلاسز منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ اب کسی شخص کو علاج کیلئے دوسرے شہر نہیں جانا پڑے گا، پنجاب ایئر ایمبولینس غریب عوام کیلئے ہے، کروڑوں لوگوں کا علاج گھر کی دہلیز پر یقینی بنایا، پنجاب میں سٹروک سے بچاؤ کا انجکشن مفت فراہم کیا جا رہا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ عوام کو ان کا حق نہ ملے تو حکومت ناکام تصور ہوگی، آزاد کشمیر کے لوگوں نے کلینکس آن ویلز منصوبے کا مطالبہ کیا۔