اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو رواں سال بھی قومی اعزازات کے لیے منتخب نہ کیے جانے کی وجہ سامنے آگئی ، ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کا شمار پاکستان کی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے نمایاں فنکاروں میں ہوتا ہے ، دونوں اداکار متعدد کامیاب فلموں اور ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں جبکہ انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف اعزازات بھی حاصل ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال قومی اعزازات کے لیے جاری کی گئی فہرست میں ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے نام شامل نہیں تھے ، دوسری جانب ان کے بعض ہم عصر اور جونیئر اداکاروں، جن میں مہوش حیات اور سجل علی شامل ہیں، کو قومی اعزازات سے نوازا جاچکا ہے ، اس حوالے سے سندھ کے وزیرِ ثقافت ذوالفقار علی شاہ نے ایک موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اہم انکشاف کیا ، ان کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کے نام قومی اعزاز کے لیے تجویز کیے گئے تھے، تاہم وفاقی حکومت نے دونوں اداکاروں کو اعزاز دینے کی منظوری نہیں دی۔
وزیرِ ثقافت کا یہ بیان ایک تقریب کے دوران سامنے آیا، جس میں فہد مصطفیٰ کے والد اور معروف اداکار صلاح الدین تونیو بھی موجود تھے ، انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آرہا ہے ، متعدد صارفین نے ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی اعزاز کا حقدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں فنکاروں نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ پاکستان کے بڑے اور مقبول فنکار ہیں، اس لیے انہیں بھی قومی سطح پر ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا جانا چاہیے۔

