بلوچستان کے مسائل کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے تلاش کیا جائے . وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کو درپیش مسائل کا حل ڈائیلاگ کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے، صوبے کے وسائل پر پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے ، بلوچستان نیشنل ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے شرکا کو حکومت کی جانب سے خوش آمدید کہا اور کہا کہ وہ انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا وہ علاقہ ہے جو بلوچ اور پشتون اقوام پر مشتمل ہے، جبکہ بلوچوں کی تاریخ دلیری، مہمان نوازی، رواداری اور عظیم روایات سے مزین ہے، ڈائیلاگ کا مقصد شرکا اور بلوچ عوام کی بات سننا ہے ، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معرض وجود میں آتے ہی بلوچستان کے مختلف حصوں نے پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، بلوچ عمائدین اور عوام نے دل کی آواز پر پاکستان کے ساتھ الحاق کیا، بلوچستان کو درپیش مسائل ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے چاہییں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مسائل کی آڑ میں کوئی محب وطن بندوق نہیں اٹھا سکتا، ہمیں خونی سڑک کو امن کی سڑک بنانا ہے، گھس بیٹھیے دشمن ممالک سے وسائل حاصل کر رہے ہیں جب کہ ہمارے شہدا اپنی جانیں قربان کرکے دوسروں کی زندگیاں بچا رہے ہیں ، اُن کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوگیا، ہوگیا، اب گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہو گا، اگر بلوچستان کے بیٹے اور بیٹیاں اپنا راستہ درست کرنے کے لیے تیار ہیں تو انہیں خوش آمدید کہنا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سخت سے سخت مسئلے کو بھی ڈائیلاگ کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے، بلوچستان کے وسائل پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے، بلوچستان کو درپیش مسائل کا حل بات چیت اور مکالمے کے ذریعے نکالا جانا چاہیے ، شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سخت سے سخت مسئلے کو بھی بات چیت اور مکالمے کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے، حکومت بلوچستان کے جائز شکووں کو ایک مرتبہ نہیں بلکہ ہزار مرتبہ سننے کے لیے تیار ہے، بلوچستان میں مزدوری کرنے والے افراد کو شناخت کی بنیاد پر قتل کرنا کسی صورت جائز نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم ہی مسائل کے حل کا مؤثر طریقہ ہے، جب تک بلوچستان ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا، پاکستان ترقی نہیں کرسکتا، اسی طرح جب تک ملک کے چاروں صوبے ترقی کی دوڑ میں شامل نہیں ہوں گے، پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے پیچھے دشمن ممالک کا ہاتھ ہے، انہوں نے کہا کہ انہوں نے اور فیلڈ مارشل نے مل کر خون کی سڑک کو امن کی سڑک میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ریاست ماں کا درجہ رکھتی ہے اور ماں کبھی نہیں چاہتی کہ اس کے بچوں کو تکلیف پہنچے، بلوچستان کے عوام کے جائز مسائل اور شکایات کا ازالہ بات چیت، انصاف اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔