پنجاب اسمبلی کا اجلاس 31 اگست کو ہوگا، پانچ اہم بل منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے

لاہور (بیورو رپورٹ) پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ نے 31 اگست کے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا ، پنجاب اسمبلی کا اجلاس 31 اگست بروز پیر دوپہر 2 بجے ہوگا، جس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کریں گے، اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوگا۔

اجلاس میں ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سے متعلق ارکان کے سوالات کے متعلقہ محکموں کی جانب سے جوابات دیے جائیں گے، جبکہ ایجنڈے میں شامل توجہ دلاؤ نوٹسز کے زبانی جوابات بھی پیش کیے جائیں گے، مختلف محکموں سے متعلق التوا کی تحریکیں بھی اسمبلی میں پیش اور زیر بحث آئیں گی۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سال 2022-23 کی سالانہ رپورٹس پیش کی جائیں گی ، اس کے علاوہ پنجاب دانش اسکولز اینڈ سینٹرز آف ایکسیلنس اتھارٹی اور پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی مختلف سالوں کی سالانہ رپورٹس بھی ایوان میں پیش ہوں گی۔

ایجنڈے کے مطابق پنجاب سینٹر آف ایکسیلنس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم (ترمیمی) بل 2026، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی (ترمیمی) بل 2026، پنجاب فوڈ سیفٹی لاز (ترمیمی) بل 2026، انسداد دہشت گردی (پنجاب ترمیمی) بل 2026 اور پنجاب اثاثہ جات مینجمنٹ اتھارٹی بل 2026 منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے ، خیال رہے پانچوں بل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کی سفارشات کے بعد پنجاب اسمبلی میں زیر غور لائے جائیں گے۔