Kingdom Valley Fraud case Capitalnewspoint.com

کنگڈم ویلی کے خلاف نیب راولپنڈی سے ایک اور شکایت، مبینہ فراڈ اور غیر قانونی وصولیوں کی تحقیقات کا مطالبہ

راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) کنگڈم ویلی ہاؤسنگ سوسائٹی سے متاثرہ ایک اور شخص نے قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی سے رجوع کرلیا اور مبینہ فراڈ، دھوکہ دہی اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات عائد کرتے ہوئے باقاعدہ شکایت دائر کردی۔

درخواست گزار نے نیب راولپنڈی میں جمع کرائی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ کنگڈم ویلی ہاؤسنگ سوسائٹی نے عوام سے مبینہ طور پر اربوں روپے غیر قانونی طور پر وصول کیے ہیں اور منصوبے سے متعلق مختلف گمراہ کن دعوے کیے گئے، درخواست کے متن کے مطابق سوسائٹی کو مبینہ طور پر ’’نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام‘‘ کا حصہ ظاہر کیا گیا، جبکہ ’’کنگڈم ویلی اسلام آباد‘‘ کے نام سے سوسائٹی کی تشہیر بھی گمراہ کن قرار دی گئی ہے۔

درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ سوسائٹی اسلام آباد کی حدود میں نہیں آتی اور اس حوالے سے مبینہ طور پر جعلی نمائندگی اور دھوکہ دہی کی گئی ، درخواست میں الزام عائد کیا گیا کہ کنگڈم ویلی انتظامیہ نے پورے ہاؤسنگ منصوبے کا PHATA سے این او سی جاری ہونے کا دعویٰ کیا، تاہم درخواست گزار کے مطابق PHATA کی منظوری تقریباً 103 کنال اراضی تک محدود ہے۔

متاثرہ شخص نے مزید دعویٰ کیا کہ سوسائٹی انتظامیہ نے دستیاب اراضی سے زائد ہزاروں پلاٹ فائلیں فروخت کیں۔ درخواست گزار نے زائد پلاٹ فائلوں کی مبینہ فروخت کو بڑے پیمانے پر عوامی فراڈ اور امانت میں خیانت قرار دیا ہے ، درخواست کے مطابق کنگڈم ویلی میں پلاٹوں کی قیمت سے بھی زیادہ ڈویلپمنٹ چارجز وصول کیے گئے، تاہم ان چارجز کی وصولی کے لیے کوئی واضح قانونی جواز یا منظور شدہ ڈویلپمنٹ پلان فراہم نہیں کیا گیا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ RDA اور PHATA سمیت متعلقہ اداروں سے مطلوبہ منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی ، اس کے علاوہ پلاٹوں کی واپسی کے وعدے پر عملدرآمد میں مبینہ تاخیر اور سرمایہ کاروں کو فائلیں منسوخ کرنے کی دھمکیوں کے الزامات بھی درخواست میں شامل ہیں ، شکایت میں کنگڈم ویلی انتظامیہ پر دانستہ نادہندگی، فراڈ اور اختیارات کے مبینہ غلط استعمال کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

درخواست گزار نے نیب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 9(a) کے تحت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کنگڈم ویلی ہاؤسنگ سوسائٹی کے معاملات کی مکمل تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی استدعا کی ہے ، ذرائع کے مطابق کنگڈم ویلی کے خلاف نیب کے پاس مجموعی طور پر 200 سے زائد درخواستیں موجود ہیں۔ تاہم درخواست میں عائد الزامات کی حتمی تصدیق متعلقہ اداروں کی تحقیقات اور شواہد کی بنیاد پر ہی ہوسکے گی۔