لاہور(کرائم رپورٹر )علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر ایف آئی اے امیگریشن کی کارروائی کے دوران جعلی دستاویزات کے ذریعے بیلجیم جانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں دو مسافروں فیضان علی اور حافظ امیر حمزہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزمان فلائٹ نمبر EK-623 کے ذریعے ورک ویزا پر بیلجیم جانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم امیگریشن کلیرنس کے دوران مشکوک سلوک کی بنا پر ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ تفتیش میں ان کے پاسپورٹ پر بیلجیم کے جعلی ورک ویزے ملے، جنہیں اویس قرنی اور فہیم نامی ایجنٹوں سے حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے ایجنٹوں کو مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے ادا کیے تھے تاکہ جعلی ویزوں کے ذریعے بیرون ملک سفر ممکن بنایا جا سکے۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام نے اس کارروائی کو ملکی سلامتی اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی پیش رفت قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ بیرون ملک غیر قانونی سفر کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

