لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے بہاولنگر میں ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ نے فلڈ ریلیف کیمپ میں پیدا ہونے والے بچوں کے والدین سے ملاقات کی، مبارکباد اور بہت سی دعائیں دیں۔فلڈریلیف کیمپ میں پیدا ہونے والے بچے کا نام نواز شریف اور بچی کا نام مریم رکھا گیا وزیر اعلیٰ نے فلڈریلیف کیمپ میں صنعت زار مرکزکا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے سلائی کڑھائی کرنے والی خواتین سے خوشگوار موڈ میں گفتگو کی اور سلائی مشین پر کپڑے کی سلائی ، فریم میں لگے کپڑے پر سوئی سے کڑھائی بھی کی۔
انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین مردو خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے سہولتوں کی فراہمی بارے دریافت کیا۔وزیراعلیٰ ٰفلڈریلیف کیمپ میں خواتین کے ساتھ بیٹھ گئیں،بچوں سے اظہار شفقت کیااور عارضی کلاسوں کے معصوم بچوں میں گھل مل گئیں وزیراعلی پنجاب سے ملنے پر معصوم بچوں نے اظہارمسرت کیااور پنسل سے بنے سکیچ پیش کئے۔وزیراعلیٰ نے سیلاب متاثرہ خواتین اور بچوں کو تحائف پیش کیے۔ فلڈ ریلیف کیمپ عارضی ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی اور تحائف پیش کئے۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپ میں بچوں اور خواتین کے ساتھ دستر خوان پر کھانا بھی کھایا وزیراعلیٰ پنجاب کو ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی سی بہاولنگر نے بریفنگ دی۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ سیلاب سے بہاولنگر کی 26یونین کونسل اورایک لاکھ سے زائد آبادی متاثرہوئی ہے۔ سیلاب متاثرہ علاقوں سے بروقت آبادی کا محفوظ انخلایقینی بنایا گیاہے سیلاب متاثرین کیلئے 20فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں۔سیلاب متاثرین کیلئے ہیلتھ کائونٹر قائم، کلینک آن ویل، موبائل ہیلتھ یونٹ اورمصروف کارمیں 40ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کا علاج کیا گیاہے سیلاب متاثرہ علاقوں سے مویشی محفوظ مقام پر منتقل کیے ہیں۔سیلاب متاثر ہ علاقوں میں 10کلو کے 15795بیگ فراہم کیے، 1198سائلیج اور399ٹن بھوسہ،توڑی فراہم کی گئی ہے۔سیلاب کی آمد کے پیش نظر منہ کھر کی بیماری کے سدباب کیلئے 37لاکھ70ہزار چھوٹے بڑے جانوروں کی ویکسی نیشن کی گئی ہے۔منہ کھر کی بیماری سے بچا کے لئے 5ملحقہ اضلاع سے بفر زون قائم کیے گئے ہیں۔

