اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ( ڈریپ)اور وزارت قومی صحت مل کر اپنی ذمہ داریاں پوری کررہی ہیں،ملکی ترقی میں ہمیں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو آٹھویں پاکستان فارما سمٹ اینڈ4 فارما ایکسپورٹ سمٹ اینڈ ایوارڈ(پی ای ایس اے2025)کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر اپنا کام بخوبی سر انجام دے سکتے ہیں،ہمیں پاکستان کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت صحت بغیر کسی چھٹی کے دن رات کام کر رہی ہے،ہمیں اپنے چیلنجز کو مد نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی اپنانی ہو گی،ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) اور وزارت صحت مل کر اپنی ذمہ داریاں پوری کر رہی ہیں۔
سیدمصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمیں ملک کی خاطر اپنی آسائشوں سے باہر نکل کر سوچنا ہو گا،ہمیں صرف باتیں نہیں کرنی بلکہ کام کرنے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہےجہاں ملک کی بہتری کی بات ہو وہاں ہمیں اپنا حصہ ڈالنا ہو گا،اگر ہم آگے بڑھیں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا ٹارگٹ پورا کرنے کے لیے مختلف نئے پراجیکٹس پر کام کرنا ہو گا،ہم انتظار کرتے ہیں کہ لوگ بیمار ہوں اور ہسپتال آئیں،ہمارے لوگوں کے پاس بنیادی سہولیات نہیں ہیں،چھوٹے ہسپتالوں اور ڈسپنسریز کی اشد ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اس پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو ان کے گھر پر یہ سہولیات مل سکیں، ہمارے پاس مختلف ویکسین موجود نہیں ہیں، فارما انڈسٹری کو اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہیلتھ کیئر ایسی ہوسکے جس سے پاکستان میں مریضوں کی تعداد کم سے کم ہو جائے۔

