اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی زیر نگرانی فلاحی اور امدادی اداروں کی مشترکہ امدادی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق، ملک بھر میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشنز میں سرعت لائی گئی ہے تاکہ متاثرین کو بروقت امداد فراہم کی جا سکے فلاحی اداروں کی جانب سے اب تک مجموعی طور پر 7,348 ٹن امدادی سامان تقسیم کیا جا چکا ہے، جبکہ پرائیویٹ سیکٹر اور صنعتی اداروں کی شمولیت سے تقریباً 3,000 ٹن امدادی اشیاء متاثرین تک پہنچائی گئی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے متاثرہ علاقوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام فلاحی اداروں کو مخصوص علاقوں میں امدادی کاموں کی ہدایات جاری کی ہیں، اور اس عمل کی ہمہ وقت نگرانی کی جا رہی ہے۔ متاثرین کے بروقت انخلاء اور ان کی ضروریات پوری کرنے میں الخدمت فاؤنڈیشن، سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن، جے ڈی سی، فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن، ایچ ایچ آر ڈی، کے ایس ریلیف، اسلامک ریلیف پاکستان، قطر چیرٹی، مسلم ایڈ، ڈبلیو ایچ ایچ، مسلم ہینڈز، ہیومن اپیل، ہینڈز، ایکشن فار ہیومینٹی، ایس ڈی ایف، یوتھ سوشل ایمبیسیڈر، آئی او ایم، ڈبلیو ایچ او، ایس آر ایس پی، ڈبلیو ایف پی، ایف اے او اور آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ اہم کردار ادا کر رہے ہیں .
متاثرہ علاقوں میں فلاحی اداروں نے میڈیکل کیمپس، موبائل ہیلتھ یونٹس قائم کیے ہیں، جبکہ ایمبولینسز، خیمے، پینے کا صاف پانی، گرم کپڑے، حفظان صحت کی کٹس اور مچھر دانیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر این ڈی ایم اے تمام امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں کوئی بھی متاثرہ شخص امداد سے محروم نہ رہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریلیف کے اس عمل میں حکومتی اور فلاحی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔

