چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کا اوور لوڈنگ کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان، خلاف ورزی پر مقدمات درج ہوں گے

راولپنڈی(کرائم رپورٹر )چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کیطرف سے گاڑیوں میں سامان کی اوور لوڈنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری۔ سامان کی اوور لوڈنگ حادثات کیساتھ سڑکوں و شاہراہوں کے نقصان کا بھی باعث بنتی ہے۔تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آٖفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کیجانب سے تمام سرکل انچارجز کو گاڑیوں میں سامان کی خطرناک طریقے سے اوور لوڈنگ اور دوسرے روڈ یوزرز کیلئے خطرہ کا باعث بننے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کاروائی کے احکامات جاری کر دیے گئے۔

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ گاڑیوں پر سامان کی اوور لوڈنگ کرنیوالے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اایسے تمام ڈرائیورز کو چالان کیساتھ مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑے گاکیونکہ ضرورت سے زائد سامان لوڈ کرنیوالے اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈالتے ہیں، ہمارا مقصد چالان کرنا نہیں بلکہ شاہراہوں کوحادثات سے پاک اور انسانی زندگی کو محفوظ بنانے کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کروانا ہے۔انکا مزید کہنا تھا کہ سڑکیں و شاہراہیں ہمارا قومی اثاثہ ہیں جن کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

گاڑیوں میں سامان کی اوور لوڈنگ انسانی زندگی اور شاہراہوں کو نقصان پہنچانے کیساتھ حادثات کا سبب بھی بنتی ہیں جن سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خطرہ ہوتا ہے۔انھوں نے ڈرائیور حضرات سے بھی اپیل کہ وہ کسی قسم کی قانونی پریشانی سے بچنے کے لیے اوور لوڈنگ سے گریز کریں.