اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی، ڈی ایچ اے اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے مابین (مارگلہ آرچرڈ پارک روڈ ہاؤسنگ اسکیم) کا سہ فریقی ڈویلپمنٹ معاہدہ آج باضابطہ طور پر طے پا گیا۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کے سیکٹر G-5 میں واقع ایک نجی ہوٹل کے عاصمہ جہانگیر اڈیٹوریم میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس، میاں ریاض حسین پیرزادہ نے خصوصی شرکت کی اور ہاؤسنگ اتھارٹی کے افسران، ملازمین اور الاٹیز کو اس اہم پیش رفت پر مبارکباد دی تقریب میں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف، جناب اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ہاؤسنگ اتھارٹی کے اس اقدام کو وکلاء برادری کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی قدم قرار دیا اور مستقبل میں اس منصوبے کو کامیاب بنانے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وکلاء کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے اقدام کو نہ صرف سراہا بلکہ اسے ایک مثبت اور دور رس نتائج کے حامل فیصلے کے طور پر قرار دیا۔
ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی جناب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال صاحب نے اس پیش رفت پر تمام الاٹیز کو مبارکباد پیش کی ڈائریکٹر جنرل ہاؤسنگ اتھارٹی نےاس بات کو واضح کیا کہ جن وفاقی ملازمین کو پلاٹس مل چکے ہیں ان کے حقوق کا تحفظ کیا گیا ہے ۔ ہاؤسنگ اتھارٹی کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ سرکاری ملازمین اور دیگر طبقات کو معیاری اور قابلِ استطاعت رہائش کی سہولت فراہم کی جائے۔ آج ہونے والا یہ سہ فریقی معاہدہ اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ اس منصوبے کی تکمیل نہ صرف الاٹیز کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا باعث بنے گی بلکہ اسلام آباد میں معیاری رہائشی سہولتوں کے فروغ کا بھی ذریعہ ثابت ہو گی۔”
ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں ہاؤسنگ اتھارٹی کے سیکٹرز F-14/F-15کے ساتھ ساتھ سیکٹر G-13 میں واقع لائف اسٹائل ریزیڈنشیا پر بھی ڈویلپمنٹ کا کام باقاعدہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہونے والا معاہدہ اس منصوبے کے عملی آغاز کی طرف ایک اہم قدم ہے، جس کے بعد انشاءاللہ آنے والے دنوں میں ہاؤسنگ اتھارٹی کے مزید پروجیکٹس پر بھی کام کا آغاز کر دیا جائے گا.


