ازبکستان اور قازقستان کے اعلیٰ سطحی وفود کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )ازبکستان کے پارلیمانی وفد اور قازقستان کے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد نے منگل کے روز نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(NEOC) کا دورہ کیا ، ازبک پارلیمانی وفد کی قیادت اسپیکر ازبک پارلیمنٹ کر رہے تھے، جبکہ قازقستان کے 20 رکنی وفد کی قیادت سیکریٹری سکیورٹی کونسل نے کی۔ قازقستان کے سفیر بھی اس وفد کے ہمراہ موجود تھے وفود کو پاکستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فریم ورک، جدید الرٹ اور وارننگ سسٹمز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے دونوں وفود کا خیرمقدم کیا اور انہیں مون سون 2025 کے دوران اداروں کی جانب سے کیے گئے مشترکہ اقدامات، قومی و عالمی سطح پر درپیش چیلنجز اور تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی این ڈی ایم اے کی ٹیم نے آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات، آگاہی مہمات، اور ریسپانس میکانزم پر بھی روشنی ڈالی ازبکستان اور قازقستان کے وفود نے این ڈی ایم اے کی پیشہ ورانہ کاوشوں اور جدید تیاریوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اختیار کردہ ماڈل دیگر ممالک کے لیے بھی قابلِ تقلید ہے۔

دونوں ممالک نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے شعبے میں استعداد کار میں اضافے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ وفود نے عالمی سطح پر قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔