لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں فلڈ سروے جاری ہے، جس میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے متاثرین کے نقصانات کا ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق سیلاب سے متاثرہ 27 اضلاع میں 1857 ٹیمیں گھر گھر جا کر متاثرین سے معلومات اکٹھی کر رہی ہیں۔فلڈ سروے میں اب تک 81 ہزار 510 متاثرین کی تفصیلات جمع کرلی گئی ہیں۔ سروے ٹیموں نے 56 ہزار 207 کسانوں سے فصلوں کے نقصانات بارے معلومات حاصل کیں جبکہ 53 ہزار 985 ایکڑ متاثرہ اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ سروے ٹیموں نے سیلاب سے متاثرہ 24 ہزار 246 مکانات کا ریکارڈ مرتب کیا اور 1057 افراد سے مویشیوں کے نقصان کی تفصیلات اکٹھی کیں۔ سروے میں مجموعی طور پر 3945 ہلاک مویشیوں کے اعدادوشمار بھی سامنے آئے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ اربن یونٹ، ریونیو، محکمہ زراعت، لائیو سٹاک اور پاک فوج کے نمائندے بھی ٹیموں کے ہمراہ متاثرہ دیہات میں جا کر سروے میں حصہ لے رہے ہیں ، کئی مقامات پر ٹیمیں کشتیوں کے ذریعے متاثرہ علاقوں تک پہنچ رہی ہیں تاکہ کھڑے پانی کے باوجود ہر متاثرہ شخص کا ڈیٹا حاصل کیا جاسکے۔پی ڈی ایم اے پنجاب روزانہ کی بنیاد پر اس سروے کی پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق ایک ایک متاثرہ شخص کا ریکارڈ مکمل کیا جائے گا تاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جاسکے۔

