لندن (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے کپتان اور اسٹار بیٹر جو روٹ نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں 62 رنز کی اننگز کھیل کر بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر کا اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا ، تیسرے ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں جو روٹ نے نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 69ویں ففٹی اسکور کی، جس کے ساتھ ہی وہ ٹنڈولکر سے آگے نکل گئے۔ سچن ٹنڈولکر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 68 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔
جو روٹ نے یہ سنگ میل 309 اننگز میں عبور کیا جبکہ ٹنڈولکر نے 329 اننگز میں 68 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔ ویسٹ انڈیز کے سابق بیٹر شیونارائن چندرپال 66 نصف سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں ، سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر اور بھارتی بیٹر راہول ڈریوڈ 63، 63 نصف سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ رکی پونٹنگ 62 نصف سنچریوں کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
سنچریوں میں بھی ٹنڈولکر کے تعاقب میں :
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ بدستور سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 51 سنچریاں اسکور کیں۔ جو روٹ 41 ٹیسٹ سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں رکی پونٹنگ کے ہمراہ مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر ہیں ، جنوبی افریقا کے جیک کیلس 45 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ یوں جو روٹ کو ٹنڈولکر کے 51 سنچریوں کے ریکارڈ تک پہنچنے کے لیے مزید 10 سنچریوں کی ضرورت ہے۔
ٹیسٹ رنز میں بھی بڑا ہدف سامنے :
جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں بھی سچن ٹنڈولکر کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ ٹنڈولکر نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 15 ہزار 921 رنز بنائے جبکہ جو روٹ اب تک 14 ہزار 278 رنز اسکور کرچکے ہیں، 35 سالہ جو روٹ کے پاس مستقبل میں ٹنڈولکر کے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز کے ریکارڈ کو چیلنج کرنے کا موقع موجود ہے۔

