چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کا “آسان خدمت مرکز” کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ، شہریوں کو جدید سہولیات ایک چھت تلے فراہم کرنے کے عزم کا اظہار

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے منگل کے روز سی ڈی اے کے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور متعلقہ افسران کے ہمراہ “آسان خدمت مرکز” کا دورہ کیا اور “آسان خدمت مرکز” میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو “آسان خدمت مرکز” کی تعمیراتی سرگرمیوں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر کام میں تیزی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ عمارت میں چنائی اور پلاسٹر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اسی طرح واش رومز کی تعمیر سمیت دیگر تعمیراتی سرگرمیاں بھی تیزی سے جاری ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ “آسان خدمت مرکز” کو مکمل کرنے کیلئے تعمیراتی سرگرمیاں زور وشور سے جاری ہیں اور مقررہ وقت میں عمارت کی تزئین و آرائش کام مکمل کرلیا جائے گا ، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ویژن کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مزید بہتری لانے کیلئے انتہائی پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “آسان خدمت مرکز” کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو ایک چھت تلے مختلف خدمات و سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ “آسان خدمت مرکز” کے قیام سے اسلام آباد کے شہریوں کو کئی محکموں کی سروسز و سہولیات کا حصول ایک ہی چھت تلے ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خدمت مرکز کا قیام حکومت پاکستان کی ای-گورننس اور سروس ڈیلیوری کی بہتری میں مددگار ثابت ہوگا چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ “آسان خدمت مرکز” کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مرکز نہ صرف پیشہ ورانہ اور کارپوریٹ انداز میں عوامی خدمات و رابطے کا نیا معیار قائم کرے گا بلکہ اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بھی بنائے گا.