ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے میں نمایاں اضافہ، 31 اکتوبر 2025ء تک کل 59 لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے جا چکے ہیں. ایف بی آر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے کہاہے کہ ٹیکس سال 2025ء کے لیے انکم ٹیکس ریٹرنز جمع کرانے میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جو رضاکارانہ تعمیل اور عوامی آگاہی کے نئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ 31 اکتوبر 2025ء تک کل 59 لاکھ ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے جا چکے ہیں جو گزشتہ سال اسی مدت کے دوران جمع کرائے گئے 50 لاکھ ریٹرنز کے مقابلے میں 17.6 فیصدزیادہ ہے۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ان میں سے 36 لاکھ ٹیکس دہندگان نے اپنے ریٹرنز کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی بھی کی جو پچھلے سال کے مقابلے میں 18.6 فیصدزیادہ ہے ۔

مزید یہ کہ انفرادی ٹیکس دہندگان کی جانب سے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 9 ارب روپے زیادہ ٹیکس ادا کیا گیا جو 60 ارب روپے سے بڑھ کر 69 ارب روپے ہو گیا جو کہ 15 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ ترجمان ایف بی آر نے کہا ہے کہ ایف بی آر عوام کے بڑھتے ہوئے تعاون کو سراہتا ہے اور دیانتدار ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے اپنے عزم کو دہراتا ہے۔ ایف بی آر ٹیکس نظام کو مزید منصفانہ، شفاف اور جامع بنانے کے لیے آسان طریقہ کار، جدید ڈیجیٹل سہولتوں اور بروقت رابطے کے ذریعے اپنی خدمات جاری رکھے گا ، یہ شاندار نتائج ایف بی آر کی موثر آگاہی مہم اور وزیراعظم آفس و وزارت اطلاعات کی قیادت میں حکومت پاکستان کے مربوط اقدامات کا نتیجہ ہیں جن کا مقصد عوام میں ٹیکس دہندگی کے شعور کو اجاگر کرنا اور ڈیجیٹل ذرائع سے ریٹرن جمع کرانے کو آسان بنانا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ یہ اضافہ ایک جامع آگاہی مہم کا نتیجہ ہے جو وزیراعظم آفس، وزارت اطلاعات اور ایف بی آر کے اشتراک سے موثر طور پر چلائی گئی۔ اس مہم کے تحت شہریوں کو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی اپنی قومی ذمہ داری یاد دلانے کے لیے ملک گیر سطح پر خودکار کالز اور واٹس ایپ پیغامات بھیجے گئے۔

مزید برآں ایف بی آر نے تھرڈ پارٹی ڈیٹا کی بنیاد پر ٹیکس دہندگان کو مرحلہ وار آگاہی پیغامات بھیجے جن میں پہلے مرحلے میں تعریفی، دوسرے میں معلوماتی اور تیسرے میں تنبیہی پیغامات شامل تھے اور اس سلسلے میں تقریباً 8 لاکھ پیغامات ملک بھر میں بھیجے گئے۔ ان اقدامات کے ساتھ ساتھ تقریباً 70 ہزار ٹیکس دہندگان کو ٹارگٹڈ ای میلز بھی بھیجی گئیں جن میں ان کی آمدن کے موازنہ جاتی تخمینے دیئے گئے تاکہ وہ درست اور بروقت ریٹرن جمع کرا سکیں۔ٹیکس دہندگان کی جانب سے ان مشترکہ کوششوں پر مثبت ردعمل ملا ہے۔

موجودہ اعداد و شمار آج شام 7 بجے تک کے ہیں جبکہ ایف بی آر کو توقع ہے کہ رات 12 بجے مقررہ وقت کے اختتام تک مزید ریٹرنز جمع ہونے سے اس تعداد میں اضافہ ہو گا۔ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں کوئی عمومی توسیع نہیں کی گئی تاہم ایسے ٹیکس دہندگان جو حقیقی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ ایف بی آر کے آئرس نظام کے ذریعے متعلقہ فیلڈ فارمیشن سے رابطہ کر کے اپنے ریٹرن جمع کرانے میں توسیع کی درخواست کر سکتے ہیں۔