پی آئی اے انتظامیہ نے سیاپ کی سازش ناکام بنا دی، متبادل ذرائع سے فلائٹ آپریشنز بحال

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے انجینئرنگ گروپ (سیاپ ) کی سازش ناکام بناتے ہوئے متبادل ذرائع سے فلائٹ آپریشنز بحال کر دیا۔ منگل کو پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ ​​پی آئی اے کی ایک غیر قانونی تنظیم (سیاپ) نے انتظامیہ پر دباؤ ڈالنے کی نیت سے گزشتہ رات جہازوں کی کلیئرنس روکنا شروع کردی تھی ،

اس سازش کا مقصد آپریشنز کو روک کر فضائی نظام کو مفلوج کرنا تھا اور انتظامیہ پر دباؤ ڈالنا تھا۔ ​انتظامیہ کی ٹیم نے شعبہ انجینئرنگ کے کلیدی عہدیداروں کے ساتھ مل کر متبادل ذرائع استعمال کئے اور آپریشنز کو کامیابی سے بحال کر دیا۔ انجینئرنگ گروپ کی غیر قانونی طور پر کام چھوڑنے کے باعث قومی ائیر لائن کے کچھ پروازوں کو تاخیر اور منسوخی کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب پروازیں روانہ ہونا شروع ہوگئی ہیں ۔ پی کے 783 کراچی تا ٹورنٹو اور پی کے 701 اسلام آباد تا مانچسٹر بروقت روانہ ہو گئیں۔​

لاہور سے مدینہ کی پرواز PK747 کو 14 گھنٹے کی تاخیر کے بعد روانہ کیا گیا۔ اسی طرح کراچی سے جدہ کی پرواز PK761 کو 12 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوگئی ۔ ​​اسلام آباد سے دبئی کی پرواز PK233 کو 9 گھنٹے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور روانہ ہوگئی ۔ ​اسلام آباد سے دمام PK245 اور سیالکوٹ سے ریاض PK755 کی پروازیں 7، 7 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں۔​اسلام آباد سے جدہ کی پرواز پی کے 741 چھ گھنٹے جبکہ کراچی سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔​آپریشنل بوجھ کو ایڈجسٹ کرنے کے لئے مجموعی طور پر 05 پروازیں منسوخ کی گئیں مگر تمام مسافروں کو متبادل پروازوں کی پیشکش کر دی گئی۔​پی آئی اے کا فلائٹ آپریشنز بہت جلد معمول پر آجائے گا۔