وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے بیان پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا شدید ردِعمل ایسے بیانات پاکستان کے استحکام پر حملہ ہیں”

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے اشتعال انگیز بیان پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے پی کے نے احسان فراموشی کی تمام حدیں پار کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیوں سے ملک میں امن قائم ہوا، خیبرپختونخوا میں فورسز نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات شہداء کے خاندانوں کے جذبات کو مجروح کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی کے کا بیان دراصل پاکستان کے استحکام پر حملہ ہے، اور انہیں اپنے بیان پر قوم اور شہداء کے اہلِ خانہ سے معافی مانگنی چاہیے۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔ شہداء کی قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔ ملک کو انتشار نہیں بلکہ اتحاد اور استحکام کی ضرورت ہے۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ سیاست کے نام پر قومی اداروں کو متنازع بنانا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ افواجِ پاکستان کے خلاف کسی بھی پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں، کیونکہ ملک کے دشمن ہمیں تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور اس وقت قومی یکجہتی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔