اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کے بااختیاری کے لئے ”پرنسس صبیحہ بنت ابراہیم الخلیفہ گلوبل ایوارڈ“ کی تیسری تقریب میں شرکت کی جو اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے خواتین اور مملکتِ بحرین کی سپریم کونسل برائے خواتین کے اشتراک سے قطر نیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خاتونِ اوّل بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے ایوارڈ کے وژن کو سراہتے ہوئے مملکت بحرین کی خواتین کے حقوق کے فروغ میں قائدانہ کردار کی تعریف کی۔ انہوں نے مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خواتین کی قیادت پر فخر محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم، ہنر مندی، معاشی شمولیت اور ڈیجیٹل بااختیاری کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی معاہدوں بشمول خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے سے متعلق کنونشن، بیجنگ ڈیکلریشن اور 2030 کے لئے پائیدار ترقی کے اہداف کے ایجنڈے پر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔
تقریب کے دوران خاتونِ اوّل نے بحرین کی سپریم کونسل برائے خواتین کی سیکرٹری جنرل محترمہ للوہ الاوعَدھی، اقوامِ متحدہ کے عرب ریاستوں کے بارے میں علاقائی ڈائریکٹر معیذ دورید اور متحدہ عرب امارات کی جنرل ویمنز یونین کی سیکرٹری جنرل نورہ خلیفہ السویدی سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں علاقائی تعاون کے فروغ، ادارہ جاتی شراکت داری کے استحکام اور خواتین کی معاشی و سیاسی شمولیت کے مواقع بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خاتونِ اوّل نے کہا کہ پاکستان خواتین کی ترقی و بااختیاری کے لئے عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

