ایف آئی اے فیصل آباد زون کا انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن، اشتہاری سمیت 3 ملزمان گرفتار

فیصل آباد (کرائم رپورٹر )وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) فیصل آباد زون نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان میں محسن رضا، محمد افتخار اور محمد حیات شامل ہیں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد اور سرگودھا کی ٹیموں نے مشترکہ کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو فیصل آباد اور سرگودھا کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم محسن رضا نے ایک شہری کو اٹلی میں ملازمت دلانے کا جھانسہ دے کر 15 لاکھ روپے ہتھیائے، جبکہ محمد افتخار نے یو اے ای میں ملازمت فراہم کرنے کے نام پر 6 لاکھ روپے بٹورے اشتہاری ملزم محمد حیات نے 20 متاثرہ شہریوں کو عراق اور ایران بھجوانے کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 19 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور رقوم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن بھرپور انداز میں جاری رہے گا تاکہ شہریوں کو ایسے جرائم پیشہ گروہوں کے دھوکے سے محفوظ رکھا جا سکے۔