راولپنڈی NCCIA افسران پر چینی شہریوں سے بھتہ خوری کے سنگین الزامات، 15 غیر قانونی کال سینٹرز کا انکشاف

راولپنڈی (سپیشل رپورٹر) NCCIA راولپنڈی کے افسران پر چینی شہریوں سے بھتہ خوری کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں۔ انکوائری نمبر 326/2025 میں 15 غیر قانونی کال سینٹرز کی نشاندہی ہوئی ہے، جہاں سے ماہانہ بھتہ وصول کیا جاتا تھا۔ بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں قائم کال سینٹرز سے مجموعی طور پر 30 کروڑ روپے سے زائد کی رشوت وصولی کے شواہد ملے ہیں، سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر شہزاد حیدر، ایڈیشنل ڈائریکٹر عامر نذیر اور دیگر افسران ملوث پائے گئے، جبکہ نئی NCCIA انتظامیہ نے بھی رشوت خوری کا سلسلہ جاری رکھا۔ چینی شہری گوا کائی‌شوان عرف کیلون کی اہلیہ سے 21 ملین روپے رشوت وصول کرنے کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔

سب انسپکٹر سارم علی پر چینی شہری پر تشدد کرنے اور ویڈیوز کے ذریعے دباؤ ڈالنے کا الزام ہے۔ سب انسپکٹر امجد بلال، سب انسپکٹر شہریار طلعت اور انسپکٹر بدر کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔ انکوائری مکمل ہونے کے بعد 13 افسران اور شہریوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ مقدمہ پاکستان کی تعزیرات کی دفعات 109، 161، 386 اور 420 کے تحت درج کیا گیا، جبکہ اینٹی کرپشن ایکٹ 1947 کے تحت بھی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔