اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےماہر تعلیم و لسانیات پروفیسر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیاہے۔ پیر کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نےمعروف ادیبہ اور دانشور پروفیسر عارفہ سیدہ زہرا کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کے صبر جمیل کی دعا کی ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پروفیسر عارفہ سیدہ زہرا نے اردو زبان کی تہذیب کو اجاگر کیا، لسانیت پر ان کی تحقیق متاثر کن ہے، پروفیسر عارفہ سیدہ زہرا نہ صرف اردو زبان و تہذیب کی متحرک ترجمان تھیں بلکہ انہوں نے ثقافتی مکالمے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پروفیسر عارفہ سیدہ زہرا نے اپنی زندگی خواتین کے حقوق اور قومی زبان کے فروغ کے لئے وقف کردی تھی۔

