اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) 20 مختلف سکالرشپ سکیموں کے تحت پاکستانی طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر بیرون ملک اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کر رہا ہے،بلوچستان اور چترال کے طلبہ کو بھی میرٹ کے مطابق سکالرشپ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
جمعرات کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نےکہا کہ بلوچستان اور چترال کے طلبہ کو بھی میرٹ کے مطابق سکالرشپ کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دور حکومت میں چترال اور بلوچستان کے طلبہ کے لیے خصوصی سکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا تھا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ دیگر ممالک سے آنے والی تمام سکالرشپ سکیمیں صوبوں میں رجسٹریشن کے تناسب سے تقسیم کی جاتی ہیں تاکہ ہر صوبے کے طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں ،تاہم کچھ سکیموں میں طلبہ بروقت ویزے حاصل نہ کر پانے یا دیگر مسائل کی وجہ سے نشستیں خالی رہ جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور ایچ ای سی یہ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں کہ تمام طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر تعلیم کے مواقع حاصل ہوں اور کوئی نشست ضائع نہ ہو۔

