اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)بشکیک میں منعقدہ کاریک (CAREC) کی 24ویں وزارتی کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے پاکستان کی نمائندگی کی اور علاقائی ڈیجیٹل تعاون، کنیکٹیویٹی اور سرمایہ کاری کے مواقع پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا ، کانفرنس کے موقع پر وفاقی وزیر کی کرغزستان کے وزیرِ ڈیجیٹل ڈیولپمنٹ سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک نے ڈیجیٹل تعاون اور علاقائی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا۔ پاکستان نے کراچی اور گوادر کے سب میرین کیبلز کے ذریعے کرغزستان کو بینڈوڈتھ کی پیشکش کی، جبکہ کاریک فریم ورک کے تحت مشترکہ فائبر کنیکٹیویٹی روٹس پر بات چیت ہوئی۔

مشترکہ ٹیکنیکل کنیکٹیویٹی گروپ کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔ دونوں ممالک نے سافٹ ویئر، کلاؤڈ اور سائبر سیکیورٹی میں مشترکہ تربیتی پروگراموں، اور پاک۔کرغز اسٹارٹ اپ بریج کے قیام پر اتفاق کیا، جس کے تحت مشترکہ ہیکاتھونز اور ایکسچینج پروگرام منعقد کیے جائیں گے ، مزید برآں، شزا فاطمہ خواجہ کی بشکیک میں ازبکستان کے وزیرِ سرمایہ کاری، صنعت و تجارت سے بھی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ڈیجیٹل تجارت اور خطے میں اسٹریٹجک کنیکٹیویٹی پر تفصیلی گفتگو ہوئی ، دونوں ممالک نے کاریک ڈیجیٹل کوریڈور کے تحت پاکستان–ازبکستان فائبر لنک پر بات چیت کی اور سستا بینڈوڈتھ، ڈیٹا سینٹرز کے قیام اور علاقائی ڈیجیٹل تجارت میں اضافے پر اتفاق کیا۔ سافٹ ویئر، فِن ٹیک اور ای کامرس میں مشترکہ جے وی ماڈلز پر گفتگو ہوئی، جبکہ انگریزی اور روسی زبان کی بنیاد پر آؤٹ سورسنگ ماڈلز کو فروغ دینے کی تجویز بھی سامنے آئی۔

پاکستانی این آئی سیز اور ازبک آئی ٹی پارکس کے درمیان اسٹارٹ اپ تعاون پر اتفاق کیا گیا، اور دونوں ممالک نے سائبر سیکیورٹی، ڈیجیٹل پالیسی اور مشترکہ ریگولیٹری فریم ورک پر تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا۔

