پلاسٹک ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے جامع پروگرام تیار . وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)حکومت پاکستان نے ملک میں پلاسٹک کے فضلہ جات کے مسئلے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے اہم اقدامات شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ مون سون 2026 منصوبہ صوبوں کے حوالے کر کے اس کا آڈٹ بھی کیا جائے گا اور صوبائی سطح پر موسمیاتی مسائل کے حل کے لیے رابطہ بڑھایا جائے گا۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی اب ایسے منصوبوں کا مستقل پیچھا کرے گی اور ان پر باقاعدہ رپورٹ پیش کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی سطح پر زیادہ گرین فنانس وہ ممالک حاصل کرتے ہیں جو زیادہ کاربن پیدا کرتے ہیں، اور پاکستان کو اس شعبے میں شراکت داری بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی سطح پر ایک جامع پروگرام تیار کیا جا رہا ہے جس میں پلاسٹک ری سائیکلنگ فیکٹریوں کی رجسٹریشن، پرائیویٹ سیکٹر کے لیے مالی مراعات اور عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو اجاگر کرنے کے اقدامات شامل ہوں گے۔ غیر ذمہ دار فیکٹریاں اور مارکیٹ میں پلاسٹک فضلہ انسانی صحت اور ماحول کے لیے خطرہ بن رہا ہے، جس کے حل کے لیے “پلاسٹک کریڈٹس” کا تصور متعارف کرایا جائے گا، تاکہ دنیا بھر کے لوگ اور کمپنیز ری سائیکلنگ کے اقدامات میں مالی تعاون کریں۔

مزید برآں، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے کہا کہ یہ پروگرام غریب طبقے کے لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گا اور فضلہ کی درست منتقلی، پروسیسنگ اور ری سائیکلنگ کو یقینی بنائے گا۔ منصوبے کو عالمی فورمز پر بھی پیش کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے . وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی کے مطابق یہ اقدامات نہ صرف ملکی ماحولیاتی چیلنجز کو حل کریں گے بلکہ پاکستان کے عالمی موقف کو مضبوط کریں گے اور صنعت کے ساتھ تعاون کے ذریعے دیرپا ماحولیاتی تبدیلی ممکن بنائیں گے۔