پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سمندری تعاون مضبوط بنانے کے لیے جامع فریم ورک کی تجویز

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) اور بنگلہ دیش شپنگ کارپوریشن (BSC) کے درمیان باقاعدہ تعاون کے فریم ورک کے قیام کی تجویز پیش کی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان سمندری تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے ، یہ تجویز لندن میں بنگلہ دیش کے مشیر برائے شپنگ بریگیڈیئر جنرل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر ایم سکھوات حسین کے ساتھ ملاقات کے دوران پیش کی گئی۔ اس تجویز میں مشترکہ کنٹینر اور بلک شپنگ خدمات، فنی تربیتی پروگرام، سمندری تحفظ اور بحری ملازمین کی تربیت، بندرگاہوں پر باہمی سہولت، اور اعلیٰ سطح پر سفارتی اور تکنیکی رابطوں کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے۔

وزیر نے پاکستان کی جانب سے گرم جوشی کے ساتھ سلام پیش کیے اور بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن (IMO) کے کیٹیگری سی انتخابات میں پاکستان کے لیے بنگلہ دیش کی حمایت کی درخواست کی، ساتھ ہی اسلام آباد کی جانب سے اس کا باہمی جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ، جنید چوہدری نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کی درخواست کی حمایت کرے گا اور دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ کوششوں سے عالمی بحری پالیسی میں اثر و رسوخ کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ وزیر نے کراچی پورٹ اتھارٹی (KPT) کی سہولیات کو بنگلہ دیشی کارگو کے لیے دستیاب کروانے کی پیشگی پیشکش کو بھی دہرایا اور KPT کی بڑھتی ہوئی صلاحیت، جدید کاری کے اقدامات اور بہتر ٹرن اراؤنڈ ٹائمز پر روشنی ڈالی۔

وزیر نے تجویز دی کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ایک مستقل “مارٹائم ڈائیلاگ” شروع کیا جائے، جو بندرگاہوں کی ترقی، شپنگ سیکٹر میں تعاون، بلیو اکانومی، ماہی گیری اور دیگر ابھرتے ہوئے سمندری امور پر باقاعدہ بات چیت کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گا ، دونوں فریقین نے علاقائی استحکام، اقتصادی ترقی اور باہمی خوشحالی کے لیے سمندری تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور منصوبوں پر عملی اقدامات کے لیے باہمی عزم کا اظہار کیا۔