پاکستان نے عالمی بحری قیادت میں کردار مضبوط کرنے کے لیے IMO کونسل کی کیٹیگری C کے لیے امیدوار بننے کا اعلان کیا

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ) پاکستان نے عالمی بحری حکمرانی کے لیے اپنی وابستگی کو دہرایا اور بین الاقوامی بحری تنظیم (IMO) کونسل کی کیٹیگری C کے لیے اپنی امیدواری کا اعلان کیا ہے، جس سے ملک کی عالمی شپنگ سیکٹر میں بڑھتی ہوئی اہمیت اجاگر ہوئی ہے وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چودھری نے منگل کو برطانیہ میں IMO اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سٹریٹجک اہمیت واضح ہے کیونکہ اس کا ایک ہزار کلومیٹر سے زائد طویل ساحلی پٹی دنیا کے اہم سمندری راستوں سے گزرتی ہے جو مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا، افریقہ اور انڈین اوشن کے خطے کو جوڑتی ہے وزیر نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان نے IMO کنونشنز اور عالمی بہترین طریقوں کے مطابق متعدد اقدامات کیے، جن میں پورٹس کی ڈیجیٹلائزیشن، بحری تحفظ میں اضافہ، گرین پورٹ کی ترقی، اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی پورٹ کمیونٹی سسٹمز شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میری ٹائم ویژن 2047 اور 2147 کی جانب پیش رفت کر رہا ہے اور تمام منصوبہ بندی IMO کے معیارات اور عالمی وژن کے مطابق ہے۔ پاکستان کی کیٹیگری C کی امیدواری عالمی بحری کمیونٹی میں تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کی عکاس ہے، جس میں ترقی پذیر ممالک کے لیے مساوی رسائی، میرین اہلکاروں کی فلاح و تربیت، اور موسمیاتی تعاون کو فروغ دینا شامل ہے محمد جنید چودھری نے پاکستان میری ٹائم یونیورسٹی کے قیام، پاکستان میری ٹائم اکیڈمی کی اپگریڈیشن، سیفرر سرٹیفیکیشن میں اصلاحات اور STCW کنونشن کے مطابق تربیتی معیارات کی وضاحت کی۔ انہوں نے بحری آلودگی کے جواب، کشتیوں کی ٹریفک مینجمنٹ، اور ساحلی نگرانی میں اضافے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

وزیر نے کہا کہ پاکستان IMO کے موسمیاتی ایجنڈے پر بھی مکمل عمل پیرا ہے، جس میں توانائی کی بچت کرنے والے جہاز، ماحولیاتی تحفظ اور گرین شپ ری سائیکلنگ کے اقدامات شامل ہیں، خاص طور پر گڈانی میں ہانگ کانگ کنونشن کے معیارات پر عمل درآمد مضبوط کیا جا رہا ہے وزیر نے زور دیا کہ تاریخ نے دکھایا ہے کہ حقیقی ترقی تب ہوتی ہے جب ممالک تعاون کا انتخاب کرتے ہیں، اور یہ اجلاس عالمی بحری تعاون، جدت اور فیصلہ کن اقدامات کے لیے سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔ پاکستان ایک محفوظ، سبز اور خوشحال بحری مستقبل کی طرف پیش قدمی کے لیے تیار ہے۔