اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ اور قطر ڈیولپمنٹ بینک (Qatar Development Bank) کے سی ای او عبدالرحمن السویٖدی کے درمیان اہم ملاقات میں پاکستان کے ٹیک اسٹارٹ اَپس اور آئی ٹی سیکٹر کے لیے نئے فنانسنگ مواقع، انکیوبیشن سپورٹ اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران شزا فاطمہ نے کہا کہ قطر ڈیولپمنٹ بینک پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر، خصوصاً ٹیک ایس ایم ایز کے لیے اسٹریٹجک پارٹنر ثابت ہو سکتا ہے۔ دونوں فریقین نے مصنوعی ذہانت، کلاؤڈ ٹیکنالوجی، سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے شعبوں میں مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
قطر اور پاکستان کے درمیان انوویشن، ڈیجیٹل اسکل ڈویلپمنٹ اور ٹیکنالوجی ٹریننگ پروگرامز کو وسعت دینے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر نے ٹیلنٹ ایکسچینج، ٹریننگ اور اسٹارٹ اَپ تعاون کے لیے ادارہ جاتی شراکت داری میں اضافے کی تجویز پیش کی۔
ملاقات میں صنعتی ڈیجیٹلائزیشن، آئی او ٹی ٹیسٹنگ انوائرمنٹ کے قیام اور کراس-انکیوبیشن پروگرامز کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان ٹیک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

