اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت آج ریلوے میں سکیورٹی اور انسداد جرائم سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریلوے پولیس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیرِ ریلوے نے ہدایت کی کہ ٹکٹ چیکنگ مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا اور کروانے والا دونوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ریلوے پولیس کی جانب سے چوری، اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے خلاف بھرپور اقدامات جاری ہیں۔

اس کے علاوہ وزیرِ ریلوے کی ہدایت پر اینٹی انکروچمنٹ پالیسی مکمل طور پر فعال کی گئی ہے۔ ریلوے کی زمین پر برسوں پرانی تجاوزات کا خاتمہ جاری ہے اور ہر انچ واگزار کرایا جا رہا ہے اجلاس میں آئی جی ریلوے، ایس پی ریلوے پنڈی ڈویژن اور ریلوے کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ وفاقی وزیر نے ریلوے پولیس کی فعال اور مؤثر کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدامات ریلوے کی سکیورٹی اور مسافروں کی حفاظت میں بہتری لائیں گے۔

