وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ نے 9 مئی کے واقعات میں پی ٹی آئی کی قیادت کا کردار بے نقاب کر دیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پشاور میں 9 مئی کے واقعات کی ویڈیوز پر پنجاب فرانزک سائنس لیبارٹری کی رپورٹ نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کر دیا ہے۔اتوار کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فریم بہ فریم تجزیے میں پی ٹی آئی کی قیادت کی موجودگی کی تصدیق ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاستی اداروں پر حملے کسی ’’جذباتی ہجوم‘‘ نہیں بلکہ منظم سیاسی قیادت کے سائے میں کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان اور دیگر سرکاری تنصیبات پر حملہ دراصل پاکستان کی ریاست پر حملہ تھا،پی ٹی آئی کی قیادت نے نہ صرف تشدد کو ہوا دی بلکہ اسے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کیا،جو جماعت خود کو جمہوریت کی علمبردار کہتی ہے، اس کا اداروں کو آگ لگانے سے کوئی تعلق نہیں ہو سکتا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون اب سب کے لیے برابر ہونا چاہیے چاہے نام کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں کے وقار اور آئین کی بالادستی پر کسی کو حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔