سی ٹی او کی جانب سے ٹریفک وارڈنز کی شاندار کارکردگی پر انعامات، کرپٹ اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سی ٹی او راولپنڈی نے گزشتہ 45 دن کے دوران ٹریفک وارڈنز کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اچھی ڈیوٹی پر 1,023 وارڈنز کو انعامات سے نوازا جبکہ ناقص کارکردگی دکھانے والے 214 وارڈنز کو محکمانہ سزائیں دی گئیں۔ تین افسران کو کرپشن کے الزامات پر نوکری سے برخاست کر دیا گیا۔

فرائض کی بہترین انجام دہی کرنے والے وارڈنز کو سرٹیفکیٹ کے ساتھ کیش انعامات بھی دیے گئے۔ سی ٹی او راولپنڈی فرحان اسلم نے کہا کہ فرض شناس اور محنتی افسران و جوان میرا اور محکمہ پولیس کا فخر ہیں، اور محنتی اور ایماندار جوانوں کی ہر پلیٹ فارم پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ، غیر ذمہ دار اور بدنامی کا باعث بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی، اور تمام وارڈنز بغیر کسی دباؤ کے محنت اور خدمت کے جذبے کے تحت فرائض سر انجام دیں۔ سی ٹی او نے مزید کہا کہ وارڈنز کی فرض شناسی، محنت اور خدمت کا جذبہ انہیں دوسروں سے ممتاز کرتا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی مجموعی کارکردگی میں مزید نکھار پیدا کرتی ہے۔