وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ، سندھ حکومت کی کارکردگی اور منصوبوں پر بریفنگ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ہفتہ کے روز نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے این پی سی کی قیادت اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی۔ پریس کلب آمد پر وزیر اطلاعات سندھ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جس انداز سے صوبہ سندھ نے مختلف شعبوں میں کارکردگی دکھائی ہے، دیگر صوبوں کو بھی اسی طرز پر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی واضح مثال حکومت سندھ ہے۔

سندھ میں پورے ملک سے لوگ علاج کی غرض سے آتے ہیں اور صوبائی حکومت نے اب تک 2.9 ملین افراد کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی ہے۔ نیشنل پریس کلب میں این پی سی کی قیادت اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کے بعد پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، صدر این پی سی اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی اور دیگر کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں سیاست کا محور ایک دوسرے پر تنقید بن چکا ہے انہوں نے بتایا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دو روز قبل ایوان صدر میں سندھ کے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی، جس پر بعض حلقوں نے مقامِ بریفنگ پر تنقید کی حالانکہ ایوان صدر سب کا ہے اور وہاں مختلف اداروں کی تقاریب منعقد ہوتی رہتی ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو نے بریفنگ کے دوران سائبر نائف منصوبے پر بات کی جو دنیا کے صرف گیارہ ممالک میں دستیاب ہے اور پاکستان میں یہ سہولت حکومت سندھ فراہم کر رہی ہے، وہ بھی بالکل مفت۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان جدید طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے تمام صحافیوں کو سندھ حکومت کے منصوبوں کے دورے کی کھلی دعوت بھی دی۔ وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب کے دوران بے گھر افراد کو گھر دینے کا وعدہ کیا تھا اور حکومت سندھ 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں علاج کے لیے آنے والوں سے ڈومیسائل نہیں مانگا جاتا، یہی وجہ ہے کہ پورے ملک سے لوگ سندھ میں علاج کے لیے آتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تھر کول منصوبے پر ایک ارب ڈالر خرچ کیے جا چکے ہیں اور تھرپارکر میں موجود کوئلے کے ذخائر سے پیدا ہونے والی بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جا رہی ہے ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے منصوبے کسی ایک فرد کے لیے نہیں بلکہ پورے پاکستان کے فائدے کے لیے ہیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کی طرز کی بریفنگز بیرونِ ممالک بھی دی جائیں تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ پاکستان قدرتی معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اس نوعیت کا ایونٹ ہوا جس میں سفارتکاروں اور بزنس کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور بیشتر لوگوں نے بلاول بھٹو کی بریفنگ کو سراہا۔ وزیر اطلاعات سندھ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے سندھ دورے کے حوالے سے کہا کہ انہیں سندھ میں خوش آمدید کہا گیا، وہ آئینی عہدے پر فائز ہیں اور انہیں مکمل عزت دی گئی۔ تاہم کچھ سکیورٹی خدشات تھے جن پر عمل کرنا ناگزیر تھا۔ انہوں نے کہا کہ مثبت چیزوں کو اجاگر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا اچھا تشخص پیش کیا جا سکے۔