حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے .وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کا آئی ٹی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے ،حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔وہ جمعہ کو نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ دور میں دنیا بھر کے نظام تیزی سے ٹیکنالوجی کی طرف منتقل ہو چکے ہیں اور موبائل فونز، لیپ ٹاپس اور کمپیوٹرز جیسی ٹیکنالوجی ڈیوائسز غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نوجوانوں کے لئے لیپ ٹاپ پروگرام اور دیگر سکالرشپس کو اخراجات نہیں بلکہ ایک سرمایہ کاری سمجھتے ہیں جو براہ راست نوجوانوں پر کی جا رہی ہے، نوجوانوں اور بچوں پر کی جانے والی سرمایہ کاری سب سے زیادہ منافع دینے والی سرمایہ کاری ہے شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی شکر گزار ہیں جو تعلیم، ٹیکنالوجی اور سائنس کی وزارتوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں اور اس امر کو یقینی بناتے ہیں کہ بجٹ کی حدود کے باوجود قومی اہداف متاثر نہ ہوں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ حکومتی معاونت اس عزم کا مظہر ہے جو ملک اپنے نوجوانوں کے لئے رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارے تعلیم یافتہ نوجوان روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک جاتے ہیں تو وہ پاکستان کے سفیر ہوتے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکیں انہوں نے کہا کہ 2012-13 میں جب شہباز شریف وزیر اعلیٰ پنجاب تھے اس وقت ڈیجیٹلائزیشن پر آج جیسا زور نہیں تھا تاہم وقت کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے لیپ ٹاپ پروگرام کا آغاز کیا گیا، اسی طرح 2013 میں محمد نواز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعد وفاقی سطح پر یوتھ پروگرام شروع کیا گیا۔شز ہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ تمام پروگرام اس سوچ کے تحت شروع کئے گئے کہ نوجوان قوم کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2013 میں وفاقی سطح پر پہلی مرتبہ لیپ ٹاپ پروگرام مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر شروع کیا گیا اور 2018 تک ہزاروں لیپ ٹاپس طلبہ میں تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں 2018 کے بعد اس پروگرام کو بند کر دیا گیا تاہم وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقتدار میں آنے کے بعد اسے دوبارہ بحال کر دیا گیا۔