اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ فتنۂ ہند سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں قومی سلامتی کے لیے ایک بڑی کامیابی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ 67 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اور 12 مختلف مقامات پر دہشت گردی کی کوششیں ناکام بنائیں۔
محمد حنیف عباسی نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور سیکیورٹی فورسز کی جرات، عزم اور قربانی قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور وطنِ عزیز کو ہر قسم کی دہشت گردی اور فتنہ و فساد سے محفوظ رکھے۔
اسی دوران، وفاقی وزیر نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ محمد حنیف عباسی نے مرحوم کو ایک مدبر سیاستدان اور کشمیری عوام کی مؤثر آواز قرار دیا اور دعا کی کہ اللہ تعالی ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

